بی آر ٹی بس سروس میں سفر کیلئے نئے کارڈ کا حصول نادرا کے بائیو میٹرک تصدیقی نظام کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے آئندہ سے تمام کارڈ ہولڈر صارفین کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازم ہوگا نئی منصوبہ بندی کی روشنی میں پرانے تمام زو کارڈ منسوخ کر دئیے جائیں گے بائیو میٹرک تصدیق کی رجسٹریشن کیلئے 10 روپے کی فیس ایک کارڈ کیلئے وصول کی جائے گی اور اس کیلئے قومی شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ بچوں کے کارڈ بنوانے کیلئے فارم ب لازمی ہوگا ذرائع نے بتایا کہ پرانے کارڈز کی بھی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی اور بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر تمام کارڈز بلاک کئے جائیں گے اور اس کارڈ کی قیمت 5سو روپے مقرر کی گئی ہے۔بی آر ٹی بس سروس کے ذوکارٹ کے فیس میں اضافہ اور خاص طور پر بائیو میٹرک تصدیق کا عمل اگرچہ صارفین ایک بوجھ ہی متصور کریں گے لیکن سیکورٹی کی ضرورت کے ساتھ ساتھ کارڈ کا باقاعدہ تصدیق شدہ ہونا کئی حوالوںسے خود صارفین کے اپنے مفاد میں ہے قبل ازیں کارڈ میں خرابی آنے پر اس میں موجود رقم کے ضائع ہونے کا خدشہ تھا نیز کارڈ جس کے ہاتھ لگتا وہ تقریباً اس کی ملکیت ہو جاتی بی آر ٹی میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے بھی مسافروں کی شناخت کاعمل ضروری تھا بنابریں یہ ایک اچھا فیصلہ ہے جسے صارفین کو بوجھ سمجھنے کی بجائے ذمہ داری سمجھ کر ادا کرنے میں لیت و لعل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے شہریوں کا تعاون اور ذمہ دارانہ کردار نہ ہو تو بی آر ٹی انتظامیہ اور حکومتی ادارے اپنا کام بہتر طریقے سے انجام دہی میں کامیاب نہیں ہوسکتے اعلان کے بعد اس حوالے سے عملی اقدامات میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے البتہ لاکھوں صارفین کو اتنا وقت ضرور دیا جائے کہ وہ لمبی قطاروں میں لگے بغیر یہ کام مکمل کروا سکیں۔توقع کی جانی چاہئے کہ اس ضمن میں تساہل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا اور جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
