زرعی شعبے پر ٹیکس کا نفاذ

زرعی شعبے پر ٹیکس کا نفاذ،خیبرپختونخوا اسمبلی نے بل کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا اسمبلی نے زرعی شعبے پر ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے زرعی انکم ٹیکس بل 2025کی منظوری دے دی ہے۔
منظور شدہ بل کے مطابق اگر کسی کی سالانہ زرعی آمدن 15 کروڑ روپے سے تجاوز کرے گی تو اسے سپر ٹیکس کے زمرے میں شامل کیا جائے گا،بل یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
منظور ہونے والے بل کے مطابق ایکڑ زیر کاشت اراضی یا 100 ایکڑ سے زائد غیر کاشت شدہ اراضی پر بھی سالانہ زرعی ٹیکس لاگو ہوگا۔
بل کے تحت زرعی اراضی کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس کی شرح مقرر کی جا سکے۔
زون ون میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 1200 روپے ٹیکس عائد ہوگااسی طرح زون ٹو میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 900 روپے ٹیکس لاگو ہوگا۔
بل کے مطابق زون تھری میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 500 روپے ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
منظور شدہ بل کے مطابق 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ زرعی آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ 12 لاکھ سے 16 لاکھ روپے سالانہ زرعی آمدن پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
یہ اقدام حکومت کی جانب سے زرعی آمدن کو باقاعدہ ٹیکس نظام میں شامل کرنے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی میچ آفیشلز کا بھی پاکستان آنے سے انکار