شب معراج انتہائی عقیدت و احترام

شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں والی رات شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی، اس بابرکت رات کو ملک بھر میں مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا، مساجد میں چراغاں، خصوصی محافل اور عبادات کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور مقررین نے واقعہ معراج اور اس کی فضلیت پر روشنی ڈ الی۔
مسلم ممالک سمیت ملک بھر میں رحمتوں، برکتوں، فضیلتوں اور عظمتوں والی رات شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ اس دن کی مناسبت سے مساجد میں محافل اور عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا، درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منقعد ہوئیں۔
اس خصوصی دن کے حوالے سے مساجد میں نوافل ادا کئے گئے، علمائے کرام نے واقعہ معراج اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ اس دن یعنی 27 رجب کی شب نبی آخرالزمان سرور کائینات ، رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو الہ تبارک و تعالیٰ نے معراج کا شرف عطا کیا۔
نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مسجد الحرام سے بیت المقدس اور پھر عرش معلیٰ تک کا سفر کیا، اس رات جب حضرت جبرائیل علیہ السلام براق لے کر سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے۔
اس مقدس سفر کیلئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے، اور مکہ سے مسجد اقصی گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی، پھر آپ کو آسمانوں میں اللہ تعالی سے ملاقات کرانے کیلئے لے جایا گیا، جہاں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔ یہ وہ بابرکت رات تھی جس میں مسلمانوں کو نماز پنجگانہ کا شاندار تحفہ بھی ملا۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان