جناح میڈیکل کمپلیکس کا ماسٹر پلان

جناح میڈیکل کمپلیکس کا ماسٹر پلان منظور ، وزیراعظم کی اہم ہدایات جاری

ویب ڈیسک: ملک بھر میں صحت سہولیات پھیلانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری، جناح میڈیکل کمپلیکس کا ماسٹر پلان منظور ، وزیراعظم کی صحت سہولیات کے حوالے سے اسلام آباد کو پورے ملک کے لئے ماڈل بنانے اور صحت سہولیات بارے کام تیز کرنے کی ہدایت.
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں‌کہا کہ حکومت ملک بھر میں عوام کی صحت سہولیات تک رسائی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، وزیراعظم کی صحت سہولیات بارے کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔ اجلاس میں‌وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو کمپنیز ایکٹ کے سیکشن 42 کے تحت ایک کمپنی کے طور پر قائم کیا جا چکا ہے، جے ایم سی کی سٹیئرنگ کمیٹی نے جناح میڈیکل کمپلیکس کا ماسٹر پلان منظور کر لیا ہے.
اجلاس میں‌وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور پراجیکٹ امپلی مینٹیشن کے حوالے سے بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے، اس دوران وزیراعظم نے وفاق کے زیر انتظام صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صحت کی سہولیات کے حوالے سے اسلام آباد کو رول ماڈل بنانے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کے کام کو بھی تیز اور میڈیکل و سرجیکل مشینری و آلات کی خریداری کے حوالے سے پری کوالیفکیشن کا عمل بروقت شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پری کوالیفکیشن کے عمل کو ماہر کنسلٹنٹ کی نگرانی میں مکمل کیا جائے ، جناح میڈیکل کمپلیکس کے تعمیراتی کام اور مشینری و آلات کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی کروایا جائے۔

مزید پڑھیں:  فلسطینیوں کی بےدخلی بغیر غزہ کی تعمیرنو پر مصر اور اردن متفق