ویب ڈیسک: عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل میں ملاقات، وزیر اعلیٰ پر خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس پر زور، وزیراعلیّ سردار علی امین گنڈاپور کو حکومتی امور میں عاطف خان سمیت پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہدایت.
تفصیلات کےمطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات ہوئی، اس دوران سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خیبر پختونخوا میں کسی قسم کے احتجاج نہ ہونے پر علی امین گنڈا پور پر برہم ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور سے ملاقات میں عمران خان نے خیبر پختونخوا میں کرپشن کی روک تھام کےلیے اقدامات پر زور دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کی کئی کہانیاں اور تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، اس دوران انہوں نے وزیر اعلیٰ پر خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس پر زور دیا، اس کے علاوہ بانی نے علی امین کو حکومتی امور میں عاطف خان سمیت پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی بھی ہدایت کی .
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے علی امین کی محسن نقوی کے ساتھ تصاویر پر نا گواری کا بھی اظہار کرتے ہوئے ان کا رفیق خاص بننے کی بجائے گورننس پردھیان دینے کی ہدایت کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا۔
