ویب ڈیسک: وفاق کی جانب سے ایف بی آر کو 1087گاڑیاں خریدنے کی اجازت ملنے کا انکشاف، ایف بی آر کے پاس 1010 کے علاوہ مزید77 نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) ایف بی آر کو 1087گاڑیاں خریدنے کی اجازت ملنے کا انکشاف سامنے آ گیا، اس کے ساتھ ہی ایف بی آر نے 1010 نئی گاڑیوں کی خریداری کا عمل شروع کر دیا۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے ایف بی آرکو 1087 گاڑیوں کی خریداری کی اجازت ملنے کے بعد ایف بی آر نے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، اور اب ایف بی آر نے ان میں سے 1010 نئی گاڑیوں کی خریداری کا عمل شروع کیا ہے، جس کے بعد ایف بی آرکے پاس مزید 77 گاڑیوں کی خریداری کی منظوری موجود رہے گی۔
وفاقی کابینہ نے ایف بی آرکو آپریشنل مقاصد کے لیے1300 سی سی تک گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی ہے، تاکہ ان کی جانب سے تیز ترین کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔
ایف بی آرکو نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے ای سی سی اور وزارت خزانہ کی کفایت شعاری کمیٹی کی منظوری حاصل ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ سلیم مانڈوی والا نے سوال کیا تھا کہ ایک ہزار گاڑیاں ایف بی آر کس لیے خرید رہا ہے جس پر وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ یہ گاڑیاں فیلڈ افسران کے لیے خریدی جارہی ہیں۔
