ویب ڈیسک: سعودیہ کی جانب سے مکہ اور مدینہ میں غیرملکیوں کو سرمایہ کاری کی اجازت دیدی گئی۔
تفصیلات کےمطابق غیرملکی سرمایہ کار اب مکہ اور مدینہ میں جائیداد کی مالک سعودی لسٹڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، یہ سرمایہ کاری صرف لسٹڈ کمپنیوں کے حصص یا قابل تبدیلی قرضے تک محدود ہو گی۔ اس حوالے سے سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے قوائد و ضوابط مقرر کر دیئے ہیں۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے مطابق مکہ اور مدینہ میں رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت دینا سعودی عرب کی اقتصادی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور رئیل سٹیٹ کے شعبے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ مکہ اور مدینہ کی حدود میں واقع جائیدادوں کی مالک کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری مخصوص ضوابط کے تحت ہوگی۔ اس سلسلے میں طے قوائد و ضوابط کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سعودی کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت ہوگی جو سعودی مالیاتی مارکیٹ میں درج ہیں یا ان کمپنیوں کے شیئرز میں تبدیل ہونے والے قرض کے آلات یا دونوں میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے سعودیہ کی جانب سے مکہ اور مدینہ میں غیرملکیوں کو سرمایہ کاری کی اجازت دیدی گئی، رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت دینا سعودی عرب کی اقتصادی حکمت عملی کا حصہ ہے.
