ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین کو صدارت سے ہٹانے پر اصلی پی ٹی آئی ورکر یوم نجات منا رہے ہیں، جلد ہی ان کو خوشخبری ملے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو پتا چل چکا ہے کہ ان کی پارٹی میں میر صادق اور میر جعفر کون ہو سکتا ہے، علی امین کو صدارت سے ہٹانے پر اصلی پی ٹی آئی ورکر یوم نجات منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈیرہ سے جو وزیراعلیٰ بنے، ان کی نمبر گیم پوری نہیں تھی، لیکن اس دفعہ نمبر گیم پورا ہونے کے باوجود کرتوت سکورنگ ٹھیک نہیں، وزیراعلیٰ کو یہ بھی پتا نہیں کہ چشمہ لفٹ کینال کے پیسے امریکا نے نہیں بلکہ سعودی بینک نے دیئے۔
گورنر فیصل کریم نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات مل چکے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کے پاس اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں تک نہیں، 528 ارب روپے سیکیورٹی کی مد میں جو آئے وہ کہاں خرچ ہوئے؟ 20 سال ہوگئے ٹی ایم ایز کا آڈٹ نہیں ہوا، ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹی ایم اے کتنی منافع بخش تھی، لیکن آج یہ حالت ہے کہ اس ادارہ کے ملازمین کی 6 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف نے جس طرح صوبے کا ستیاناس کیا، وہ سب کے سامنے ہے، گورنر ہاؤس میں پبلک ڈے پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امن کانفرنس میں نے بلائی، یہ کس کا کام تھا؟ امن و امان قائم کرنے میں ہمارے صوبے کا وزیراعلیٰ ناکام ہوچکا ہے۔
