ویب ڈیسک: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49فیصد اضافی محاصل جمع کرلیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات مزمل اسلم کی زیر صدارت محکمہ فنانس میں ٹیکس و نان ٹیکس ریونیو بارے اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49فیصد اضافی محاصل جمع کرلیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے ہاف میں 42,397 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کر لیے، جبکہ گزشتہ سال پہلے ہاف میں 28,435 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کیے گئے تھے۔
مشیر خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے 93500 ملین روپے کے محاصل جمع کرنے کا ہدف سیٹ کیا تھا، جس کے پہلے ہاف میں 90.7 فیصد کے ٹیکس محاصل جمع کرلیے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اسی پیریڈ میں صرف 66 فیصد ٹیکس محاصل جمع کیے گئے تھے، خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے سب سے زیادہ 114 فیصد کے ساتھ 24,035 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کرلیے۔
ان کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا نے پہلے ہاف میں 2854 ملین روپے کے 100 فیصد محاصل جمع کئے، جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے 624 ملین روپے کے 151 فیصد محاصل جمع کر لیے ہیں۔ یاد رہے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49فیصد اضافی محاصل جمع کرلیے ہیں۔
