اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت منظور

اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت منظور، پشاور ہائیکورٹ کا گرفتار نہ کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت عدالت کی جانب سے اسد قیصر کو حفاظتی ضمانت دے دی گئی۔
عدالت نے اسد قیصر کو 24 نومبر 2024 کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت میں بھی حفاظتی ضمانت دی گئی تھی، لیکن اس کا آرڈر تحریری شکل میں نہیں لکھا گیا تھا۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ اس بار ضمانت کا آرڈر تحریری شکل میں جاری کیا جائے۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پوچھا کہ اسد قیصر کے خلاف کس قسم کے مقدمات درج ہیں۔ اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایف آئی اے اور نیب کے کوئی مقدمات اسد قیصر کے خلاف درج نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے درخواست میں اسلام آباد پولیس سے بھی رپورٹ طلب کرنے کی استدعا کی، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہاں ان کے خلاف کوئی مقدمات درج ہیں یا نہیں۔ اس پر عدالت نے اسلام آباد پولیس کو 15 دن کے اندر رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کی جائے گی، کمشنر سے رپورٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ یاد رہے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  عمران خان نے جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف درخواست دائر کردی