سندھ واحد صوبہ ہے جہاں‌ پبلک

سندھ واحد صوبہ ہے جہاں‌ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ چل رہی ہے، بلاول

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں‌ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ چل رہی ہے، تاجر برادری کو اگر کوئی شکایت ہے تو کسی اور کو بتانے کی بجائے ہمیں بتائے ، ضرور مسئلہ حل کرینگے۔
کراچی میں تاجر برداری کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتےہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو مجھ سے کہہ دیں، کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل کریں، ہم مسائل کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہیں اور قبول کرتے ہیں کہ کئی مسائل حل طلب ہیں۔ آج ملک پر نظر دوڑائیں تو سب صاف دکھائی دے گا، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں‌ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ چل رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں سے بھتہ وصولی کا خاتمہ ہوگیا تو یہ کریڈٹ سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا ہے، آج آپ سے بھتہ لیا جاتا ہے نہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، اگر آج آپ کی فیکٹریاں اور صنعتیں چل رہی ہیں، اور بھتہ نہیں لیا جاتا، امن و سکون سے کارروبار کر رہے ہیں، تو اس میں چھوٹا سا کردار پیپلز پارٹی کا بھی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم فخر کرتے ہیں کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی سندھ کی حکومت کو سراہا گیا ہے، سندھ حکومت کے منصوبے منافع میں ہیں، یہ تمام منصوبے اپنی لاگت مکمل کرنے کے بعد اب منافع بنا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں نجی شعبے کے ساتھ مل کر سندھ کے عوام کی خدمت کریں۔

مزید پڑھیں:  اسحاق ڈار کا اماراتی ہم منصب سے رابطہ، غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال