قلعہ عبداللہ میں حملہ ناکام

قلعہ عبداللہ میں فورسز پر حملہ ناکام، 5دہشت گرد ہلاک،2جوان شہید

ویب ڈیسک: قلعہ عبد اللہ میں سکیورٹی فورسز نے چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی ،خودکش حملہ آور سمیت 5دہشت گرد ہلاک جبکہ 2جوان بھی شہید ہو گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو خودکش بمباروں سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید مقابلے میں پاکستان کے دو بہادر سپوت، نائیک طاہر خان 39سال، ضلع ٹانک کے رہائشی اور لانس نائیک طاہر اقبال 26 سال، ضلع کرک کے رہائشی، بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھنانے عمل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماری اس جدوجہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی کا اجلاس 10فروری کو طلب کرلیا گیا