ویب ڈیسک: پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی ریاست نیویارک سے کراچی پہنچنے والی خاتون کے ساتھ دھوکہ ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے 19سالہ نوجوان اور امریکی خاتون کا رابطہ سوشل میڈیا پر ہوا تھا جن کی دوستی جلد ہی محبت میں بدل گئی اور ساتھ جینے مرنے کے وعدے ہونے لگے۔
پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون نے اپنے شوہر سے طلاق لی اور دو بچوں کو نیویارک میں چھوڑ کر پاکستان کا رخ کیا۔
خاتون کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے رہائشی نوجوان کے گھر پہنچی لیکن اس نے ٹکا سا جواب دیا کہ میرے والدین راضی نہیں۔
خاتون یہ ٹکا سا جواب سن کر سکتے کی حالت میں آگئیں۔ ان کا ایک ماہ کے ویزے کی میعاد ختم ہوچکی تھی اور نئے ویزے کے لیے اسباب نہیں تھے۔
وہ بے یار و مددگار 7 روز سے ایئرپورٹ پر ہی گزر بسر کرنے لگیں یہاں تک کہ جنون کی حالت میں اپنے کپڑے بھی پھاڑ دیئے۔
خاتون کی قسمت اس وقت کام کر گئی جب گورنر سندھ کامران ٹیسوری سندھ کے دورے سے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے اور خاتون کو اس حال میں دیکھا۔
گورنر سندھ نے خاتون کو فوری طور پر ویزا جاری کر وایا جب کہ خاتون کو ٹکٹ بھی مل گیا اور وہ اپنے وطن روانہ ہوجائیں گی۔
