حکومت مذاکرات میں‌ سنجیدہ نہیں

جوڈیشل کمیشن کےجواب میں‌ تاخیر، حکومت مذاکرات میں‌ سنجیدہ نہیں، بیرسٹرگوہر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات میں‌ سنجیدہ نہیں، اگر حکومت مذاکرات میں‌سنجیدہ ہوتی اور چاہتی کہ مذاکرات ہوں تو ہمارے جوڈیشل کمیشن کے مطالبات کا جواب دیتی، لیکن جوڈیشل کمیشن کے جواب میں‌ تاخیر نے ثابت کر دیا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ مذاکرات ہوں اور مسائل کا حل نکلے۔
راولپنڈی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے لیکن حکومت نے مذاکرات میں تاخیر کی، حکومت نے بتایا کہ 28 جنوری کو کمیٹی روم میں جواب دیں گے، اگر حکومت ہمارے ساتھ جواب پہلے شیئر کرتی تو غور کر لیتے، لیکن ان کے اس طرز عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مذاکرات میں‌ سنجیدہ نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی نے پہل کی جبکہ ہمارے اوپر ہر قسم کی سختیاں کی گئیں لیکن اس کے باوجود ملک کی خاطر ہم نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے مذاکرات کی حامی بھری، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آرمی چیف کے علاوہ کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
کیس کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ آج جج زیبا چوہدری کے سامنے ہمارا کیس لگا ہوا تھا، وہ قائم مقام جج ہیں اس وجہ سے انہوں نے تاریخ دی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ویسٹ کا مستقل جج ہوگا اور پراسس آگے چلے گا۔ یہ کیس آگے جا سکتا ہے، لطیف کھوسہ نے کیس کا اچھا ڈرافٹ تیار کیا ہے اور قانون کے مطابق چلے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بڑے ناموں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، عدالت دیکھے گی اگر کیس بنتا ہے تو پھر اسے چالانا بھی پڑے گا۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 26 نومبر احتجاج پر دائر پرائیویٹ کمپلینٹ کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی کمزوری نہیں، 17 سیٹوں والوں سے کیا مذاکرات ہونے ہیں، ان کا کہنا تھاکہ صاحبزداہ حامد رضا کے گھر پر حملہ کر کے مذاکراتی کمیٹی پر حملہ کیا گیا ، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسا ایک گھر نہیں پوری مذاکراتی کمیٹی پر حملہ کیا گیا ہو، 8 فروری کا دن دوبارہ آنے والا ہے، 8 فروری کو سارے پاکستان نے 9 مئی کا بیانیہ مسترد کیا تھا، ہم نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانا ہے۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، لاری اڈا میں فائرنگ سے ایک نوجوان قتل، دوسرا شدید زخمی