نوازشریف کو سیاسی عدم استحکام

نوازشریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے، اسی لئے انہوں نے مذاکرات کی ناکامی کی بھرپور کوشش کی اور بالآخر نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے اس مشن میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا، عرفان صدیقی اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح تھی اور دوسری طرف نوازشریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے، اسی لئے مذاکرات کی ناکامی کے مشن پر گامزن رہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے واضح ہو گیا کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے، وفاقی حکومت کو خدشہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن سے ساری حقیقت کھل جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی و رہنما مسلم لیگ نون سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کیا تھا، تاہم پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی عدم شرکت کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  صدر آصف زرداری کی ترک ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو