ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن یونٹ نے 2200کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی اینٹی کرپشن یونٹ نے سال 2024 کے دوران 2 اعشاریہ 5 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کرنے سمیت 2200کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرا لی، اس دوران 43 ایف آئی آر درج، 186 ملزمان چارج، 92 ملزمان گرفتار جبکہ 7 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کر کے پابند سلاسل کئے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات پر مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ معدنیات کی مدد سے ضلع نوشہرہ اور کوہاٹ میں اربوں روپے کی غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن کیے۔
