ویب ڈیسک: اسرائیل کا انروا کو کام روکنے کا حکم، اسرائیل انروا سے تمام مواصلاتی تعاون اور رابطےختم کر دےگا۔ صیہونیوں کے اس اقدام پر پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسرائیل نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کو کام روکنے کا حکم دے دیا۔ اسرائیلی مندوب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ انروا اسرائیل میں 48 گھنٹوں کے اندر اپنا کام روک دے، اسرائیل انروا سے تمام مواصلاتی تعاون اور رابطےختم کر دےگا۔
اسرائیلی مندوب نے کہا کہ ہم انروا کے لیے کام کرنےوالوں سے بھی تعاون و روابط ختم کریں گے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ نے گزشتہ برس حماس سے تعلق کا الزام لگا کر انروا کو غیرقانونی قرار دیا تھا، اور ان کے خلاف نیا محاذ کھول دیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں انروا کے کام کرنے پر پابندی کا قانون آئندہ 2 روز میں نافذ العمل ہونے والا ہے، دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے انروا کے خاتمے کے خطرات سے خبردار کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل اقدامات عالمی برادری کی توہین ہیں۔ انرواکو کام سے روکنا غزہ کی بحالی اور سیاسی منتقلی کے کسی بھی امکان کو ختم کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ انروا لاکھوں فلسطینی مہاجرین کے لیے امید کی کرن ہے۔ بطور اقوام متحدہ کے رکن ملک اسرائیل انروا کے کام میں مدد کرنے کا پابند ہے۔
