ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ بھارتی کرکٹر جسپریت بمراہ کے نام، ایوارڈ کیلئے بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ، انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو نامزد کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سرگار فیلڈ سوبرز مینز کرکٹر آف دی ایئر 2024 کا اعلان کر دیا، ایوارڈ کیلئے بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ، انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو نامزد کیا گیا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ سرگار فیلڈ سوبرز مینز کرکٹر آف دی ایئر 2024 قرارپائے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی فاسٹ بولر ہیں۔
جسپریت بمراہ نے 2024 میں شاندار کارکرگی دکھائی اور اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولر بھی جسپریت ہی رہے۔ انہوں نے اس دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 71 وکٹیں حاصل کیں۔
جسپریت بمراہ سرگار فیلڈ سوبرز مینز کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے پانچویں بھارتی کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، روی چندرن ایشون اور ویرات کوہلی بھی یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی بمراہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
جسپریت بمراہ نے کہا کہ سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے واقعی ایک اعزاز ہے، میں اس قدر حوصلہ افزائی پر شکر گزار ہوں۔ سال 2024 میرے لیے انتہائی خاص تھا، ہم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا اور دیگر فارمیٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔
