ویب ڈیسک: شراب واسلحہ کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جانب سے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے کی۔ اس موقع پر علی امین کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے، تاہم وزیراعلیٰ آج بھی پیش نہ ہوئے۔
اس موقع پر عدالت نے وزیر اعلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھے، جبکہ پولیس کی جانب سے آج بھی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش نہ کی جا سکی۔ اس موقع پر وکیل نے کہا کہ ان کا موکل شریف بندہ ہے عدالت میں پیش ہو جائے گا۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
