رچرڈ گرینل کو گمراہ

رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا تھا،جینٹری بیچ

ویب ڈیسک: امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، میرا خیال ہے کہ رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا تھا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
جینٹری بیچ نے کہا کہ دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے
جینٹری بیچ کا کہنا تھا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں مصنوعی ذہانت، ریئل اسٹیٹ، معدنیات میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، میرا حکومت کی معاشی سفارت کاری سے کوئی تعلق نہیں ہے، بائیڈن انتظامیہ نے 4 سال جو کچھ پاکستان کے ساتھ کیا وہ مناسب نہیں تھا۔
جینٹری بیچ نے مزید کہا کہ رچرڈ گرینیل ایک زبردست امریکن ہیں، رچرڈ گرینل نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، میرا خیال ہے کہ رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں مذاکرات نہیں کاروبار کے لیے آیا ہوں، ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، امریکا میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں، میں پاکستان کو امریکا کے ایک اتحادی کے طور پر دیکھتا ہوں۔
جینٹری بیچ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، ایسی ٹیکنالوجی لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت بن جاتی ہے، آئل اور گیس سیکٹر میں پاکستان میں کم توجہ دی گئی، پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ گنڈا پورسے جے یو آئی سینیٹر کی ملاقات،مولاناکا پیغام پہنچادیا