ویب ڈیسک: واشنگٹن میں مسافر طیارہ ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، حادثے کے بعد دریا میں جہاز اور ہیلی کاپٹر جا گرا جس کی تلاش جاری ہے، اب تک حادثے میں جاںبحق ہونے والے 18 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے، حادثے کے وقت جہاز میں عملے سمیت 64 مسافر سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں امریکن ایئرلائن کا مقامی مسافر طیارہ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، امریکی ائیرلائن کی پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی، جہاں طیارے کو دریائے پوٹومیک کے اوپر رن وے کے قریب حادثہ پیش آیا۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطا ق شام 5 بجکر 48 منٹ پر پیش آیا، اس وقت طیارے کی رفتار 166 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ رپورٹس کے مطابق بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں 78 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد مسافر طیارہ پوٹومیک دریا میں گرگیا۔
امریکی حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 64 مسافر سوار تھے جس میں سے 18 لاشوں کو دریا سے نکال لیا گیاہے۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق طیارے کو رن وے 33 پر اترنے کا اشادہ دیا گیا تھا لیکن اتفاق سے حادثہ رونما ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں بھی تین فوجی موجود تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہوائی اڈے سے متصل دریائے پوٹومیک میں ملبے اور جہاز میں سوار مسافروں کی تلاش اور ان کے بچاؤ کے آپریشن کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس حادثے کے بعد ہوائی اڈے پر تمام فلائیٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے، یاد رہے کہ فروری 2009 کے بعد سے امریکی مسافر بردار ہوائی جہاز کا جان لیوا حادثہ نہیں ہوا، تاہم لاپتہ ہونے والے واقعات نے حفاظتی خدشات کو جنم دیا ہے۔
رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہونے والے امریکن ایئرلائنز کے طیارہ میں 60 مسافر اور چار عملہ اراکین سوار تھے، اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے، تاہم ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی تک صرف 18 نعشیں نکالی گئی ہیں جبکہ جہاز میں64 افراد موجود تھے۔
