ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 6 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دیئے وہیں دہشتگردوں سے جھڑپ اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ یہ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں 6 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ جھڑپ میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شامل ہیں، 29 سالہ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی اور 26 سالہ سپاہی محمد نعیم کا تعلق نصیر آباد سے تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
