ویب ڈیسک: اسلام آباد کے زکوٰۃ فنڈ میں کروڑوں روپے غبن کاانکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے تیار کی جانے والی انکوائری رپورٹ وزارت داخلہ ارسال کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد کے زکوٰۃ فنڈ میں کروڑوں روپے غبن کے حوالے سے انکوائری کمیٹی نے بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔ 185 زکوٰۃ کمیٹیوں کے متعدد چیئرمین بھی مبینہ غبن میں ملوث پائے گئے۔ ذرائع کےمطابق غریب اور نادار افراد کے فنڈ میں کرپشن کی انکوائری اکتوبر 2024میں شروع کی گئی تھی، جس کی ابتدائی انکوائری رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے، اس سلسلے میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ متعدد زکوٰۃ کمیٹیوں کا ریکارڈ ہی غائب کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں زکوٰۃ فنڈ کو شفاف بنانے کے لیے تجاویز دی گئی ہیں، جن میں ایڈمن آفیسر، سٹینو ٹائپسٹ کو سروس سے برطرف کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں دی جانیوالی تجاویز میں نادرا کے بائیو میٹرک ریکارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو زکوۃ فراہم کرنے، کرپشن کی رقم کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات شامل ہے۔
