سینئر جج ہونے پر خوش ہوں

مجھَ کسی سے شکوہ نہیں، سینئر جج ہونے پر خوش ہوں، جسٹس منصور

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے کسی سے شکوہ نہیں، سینئر جج ہونے پر خوش ہوں۔ عہدہ سنبھالتے وقت حلف کے ساتھ ہی کھڑے رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں آئے گا، حلف لینا صرف الفاظ کی ادائیگی ہی نہیں، ان الفاظ کے گہرے معنی بھی ہوتے ہیں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہاں مدعو کرنے کا بہت شکریہ، یہی میرے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سینئر جج ہونے پر خوش ہوں، مجھے کوئی شکوہ نہیں کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں، اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان بہت اچھے ہیں، ان کے لیے دعاگو ہوں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ججز پر دباؤ ڈالا جائے گا لیکن حلف کے ساتھ ہی چلنا ہے، حلف توڑنے سے سارا نظام ٹوٹ جائے گا، جس سے سارا نظام متاثر ہو جائیگا، حلف لینا صرف الفاظ کی ادائیگی ہی نہیں ہوتی بلکہ اس کے گہرے معنی بھی ہوتے ہیں، جب بھی آپ پر کوئی مشکل آئے حلف پڑھ لینا، اگر آپ حلف کے ساتھ کھڑے رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں آئے گا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج نے کہا کہ حلف ایسا ہی ہے جسے پانی ہاتھ میں لے کر کھڑے ہیں، حلف کو سنبھالنا ہے تو پھر ہاتھ نہیں کھولنا اسی طرح رکھنا ہے، ہم نے چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بہت مشکلات آئیں گی لیکن آپ نے اپنے حلف کو نہیں چھوڑنا۔
قبل ازیں جسٹس منصور علی شاہ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

مزید پڑھیں:  سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کیخلاف 46شکایات نمٹادی دیں