ویب ڈیسک: صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،نئے بننے والے سکولوں میں 70فی صد خواتین کیلئے مختص ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے پشاور کے حلقہ پی کے 76میں گرلز سکولوں کا دورہ کیا اس موقع پر ایم پی اے سمیع خان بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے ۔
صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نمبر 2 بڈھ بیر حوریزی، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول خوئیدہ خیل بڈھ بیر، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول بڈھ بیر، اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول یو سی مریم زئی کے دورے کئے اور اسکولوں میں تعلیمی معیار، بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا
وزیر تعلیم نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی ان کے مسائل سنے اور سکولوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں گرلز سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں گرلز ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں نئے بننے والے سکولوں میں 70 فی صد خواتین کیلئے مختص ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، آنے والے بورڈ امتحانات کیلئے بھرپور تیاری ہے صوبہ بھر میں شفاف امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔
