ویب ڈیسک: سردی ایک بار پھر لوٹنے کی نوید سناتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا، گلگت اورکشمیر میں بارش وبرف باری کا امکان ہے، جس سے جاتی سردیاں ایک بار پھر سے لوٹ آنا متوقع ہے۔
بالائی علاقوں میں بارش و برف باری کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت اورکشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرف مری، گلیات، دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، بونیر، سوات اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جبکہ اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سنیٹی گریڈ رہا جبکہ سکردو میں منفی 6، کالام میں منفی 5، مالم جبہ، استور، قلات میں منفی3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف کراچی میں درجہ حرارت میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شہر میں سردی کی کوئی نئی لہر متوقع نہیں، فروری کا مہینہ جنوری کے مقابلے میں گرم رہے گا۔
