ویب ڈیسک: واشنگٹن فضائی حادثے سے چند لمحے قبل جہاز اور ہیلی کاپٹر کو روٹ تبدیلی کی ہدایات ملنے کا انکشاف ہوا ہے لیکن جب تک ہدایات پر عمل درآمد ہوتا بہت دیر ہو چکی تھی۔ واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے آپس میں ٹکرانے سے تمام 67 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈ ریگن ائیرپورٹ کا کنٹرول ٹاور سٹاف کی کمی کا شکار تھا جہاں 2 کی جگہ ایک کنٹرولر سے کام لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ایک روز پہلے بھی ایک پرواز کو راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔
حادثے کا شکار مسافر طیارے کے پائلٹ کو آخری لمحے میں ہدایت دی گئی کہ وہ رن وے تبدیل کرلے جس کے بعد جہاز نے رخ تبدیل کرلیا تھا۔ دوسری طرف حادثے سے 30 سکینڈ پہلے ہیلی کاپٹر کو بھی مسافر طیارے کو گزر جانے کی ہدایات ملیں لیکن زیرتربیت فوجی ہیلی کاپٹر تب تک مسافرطیارے سے ٹکرا چکا تھا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے جہاز اور ہیلی کاپٹر کے بلیک باکس مل چکے ہیں جس سے واشنگٹن میں جہاز اور ہیلی کاپٹر کو روٹ تبدیلی کی ہدایات ملنے کا انکشاف ہوا ہے، تاہم تب تک بہت دیر ہو چکی تھی جس کے باعث 67 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
