ویب ڈیسک : پشاور میں بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، بے روزگاری میں اضافے کے باعث امن و امان کی صورتحال کا مسئلہ گھمبیر ہو رہا ہے، شہر میں نشئیوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے شہر کی مختلف بازاروں اورپارکوںسمیت مختلف مقامات پر سینکڑوں نشہ کرنے والے افراد موجود ہوتے ہیں جن میں سے زیادہ ترنو جوان ہوتے ہیں، غربت کی شرح میں اضافے کیساتھ ساتھ بے روزگاری کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق پشاور میں بے روزگاری کی شرح میں اضافے کی مختلف وجوہات ہیں مختلف علاقوں سے بے روزگار افراد یہاں آتے ہیں ،شہر کے مختلف مقامات پر سینکڑوں دیہاڑی دار مزدور موجود ہوتے ہیں کام نہ ہونے کے باعث شام کو واپس چلے جاتے ہیں اور ان کی گھروں میں فاقے ہورہے ہیں ،بے روزگاری کی شرح میں اضافے اور مہنگائی کی باعث والدین نے اپنی چھوٹی عمر کے بچوں کو سکولوں سے نکال کر روزگار پر بٹھا دیا ہے، شہر کے مختلف مقامات پر واقعہ کاروباری مراکز میں کام کرنے والے18 سال سے کم عمر کے بچوں کی تعداد میں بھی حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ سکولز سے ڈراپ آئوٹ شرح بھی بڑھ گئی ہے۔
