ویب ڈیسک: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی گئی، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فرح جمشید، انعام اللہ خان، مدثرامیر، ثابت اللہ، اورنگزیب عبدالفیاض، صلاح الدین، صادق علی، طارق آفریدی اور اورنگزیب خان کو پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کا ایجنڈا زیرغور تھا، لیکن اجلاس کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے 10 ایڈیشنل ججز کا مطالبہ کیا، جس سے چیف جسٹس پاکستان نے اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیاں اکثریت سے منظور ہوئی ہیں۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس کے 3 ممبران نے 9 کی بجائے 10 ایڈیشنل ججز لگانے پر اعتراض بھی کیا، تاہم 10 ججز کے حوالے سے فیصلہ کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
یاد رہے عدالتوں میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس زیر صدارت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی ہوا ، جس میںپشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے ناموں پر غور کیا گیا۔اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کیلئے 40 ناموں پر غور کیا گیا۔
گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے لئے دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کی ممکنہ کوشش کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے صدر مملکت اور چیف جسٹس کو خط لکھے تھے، جس میںانہوں نے کہا تھا کہ دوسری ہائیکورٹس سے ججز نہ لائے جائیں، اور نہ ہی دوسری عدالتوں سے یہاں چیف جسٹس مقرر کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی تین سینئر ججز میں سے کسی کو چیف جسٹس بنایا جائے۔
