ویب ڈیسک: احتساب بلا امتیاز کئے جانے سمیت لوٹی دولت کی واپسی اور کرپشن کیخلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سخت اقدامات شروع ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح، مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے اینٹی کرپشن مہم کا آغاز کر دیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے نئے اینٹی کرپشن ایکٹ کی منظوری کے بعد ہر کرپٹ شخص کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے چوروں، لٹیروں اور بدعنوان مافیا کے خلاف بلا تفریق احتساب کا آغاز کیا جائے گا۔
اس حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، کنووکشن ریٹ میں زبردست اضافہ کر کے موجودہ 2 کے بجائے 70 سے 80 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر جبکہ لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے براہ راست 50 کروڑ اور بالواسطہ 5 ارب روپے کی ریکوری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شفاف احتساب کے لیے سیاسی مداخلت سے پاک اور غیر جانب دار اینٹی کرپشن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ آزاد پراسیکیوشن سسٹم کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ پراسیکیوٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، جو خصوصی تربیت حاصل کریں گے۔ اس دوران بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی بھی ممکن بنائی جائے گی، ناجائز دولت چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے اس مشن کےدوران جھوٹی شکایات پر سخت سزا ہوگی، غلط الزامات لگانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ محکموں کو جواب دہ بنایا جائے گا، جبکہ مقررہ وقت میں معلومات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف بھی منظم کارروائی کی جائے گی۔
احتساب بلا امتیاز کئے جانے سمیت لوٹی دولت کی واپسی اور کرپشن کیخلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سخت اقدامات شروع ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میںکہا گیا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے پر انعامات دیے جائیں گے، عوام کو کرپشن کے خلاف کھڑا کرنے کے لیے انعامی سکیم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ ادھر عدالتی نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی، کرپشن کیسز کا فوری فیصلہ ہوگا، اس دوران کوئی تاخیری حربے نہیں چلیں گے۔
ذرائع کے مطابق ریونیو ریکوری سسٹم کی مضبوطی کے لیے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں دی جائَے گی، ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق مالیاتی نگرانی لازمی ہوگی، مشکوک لین دین پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
خیبر پختون خوا حکومت کے بیان کے مطابق خیبر پختونخوا میں کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح بنا کر تمام چوروں، لٹیروں اور قومی دولت پر ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی، وزیر اعلی سردار علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے ویژن کے مطابق خیبر پختونخوا کو کرپشن سے مکمل پاک کرنے کا عہد کیا ہے۔
