پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح

وزیراعظم نے2025کی پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بچوں کو قطرے پلا کر 2025کی پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا
انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہم 2025 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز کررہے ہیں اور اس تقریب میں معصوم بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ،بدقسمتی سے پچھلے سال پولیو کے77کیسز سامنے آئے، یہ کیسز ایک بڑا چیلنج تھا، رواں سال جنوری میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے ملک کے کروڑوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر نہ صرف اس مرض سے محفوظ کریں گے بلکہ پولیو کے خاتمے کے لیے یہ ٹیم شبانہ روز محنت کرتے ہوئے شہر، دیہات، اور پہاڑوں سمیت دور دراز علاقوں میں پہنچ کر بہت بڑی قومی ذمہ داری نبھائیں گے اور پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیو ورکرز دور دراز علاقوں میں بچوں کو قطرے پلا کر قومی ذمہ داری ادا کریں گے، ہم نے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے باہمی تعاون اورسپورٹ کے ذریعے افغانستان سے بھی پولیوکا خاتمہ ہوگا، انسداد پولیو کے لیے تعاون پر ڈبلیو ایچ او اور یونیسف سمیت تمام اداروں کے مشکورہیں۔

مزید پڑھیں:  پرنس کریم آغا خان کو مصر کے شہر اسوان میں سپرد خاک کردیا گیا