عبدالخالق کی نماز جنازہ ادا

جمرود میں شہید ہونے والے پولیس ا ہلکار عبدالخالق کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیو ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار عبد الخالق کی نماز جنازہ پولیس لائنز خیبر میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، سی سی پی پشاور قاسم علی خان، ڈی پی اوخیبر رائے مظہر اقبال، ڈی سی خیبر بلال شاہد رائو، ڈائریکٹر پی ٹی ایس شاکس اور دیگر پولیس افسران سمیت علاقہ معززین و شہید کے لواحقین نے کثیر تعدادمیں شرکت کی ۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ شرکانے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید سوگوار خاندان کے افراد سے بھی ملے اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار عبدالخالق کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہااور کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے ہر رینک کے افسران و جوانان نے اس سے پہلے بھی ملک و قوم اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
آئی جی پی نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے خیبر پختونخوا کے افسران و جوانان کے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے اور بہت جلد ملوث عناصر کا کھوج لگا کر ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
بعد ازاں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے شہید ایڈیشنل آئی جی پی صفوت غیورکے مرقد پر حاضری دی، انہوں نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

مزید پڑھیں:  فجیرہ تائیکوانڈو چیمپئن شپ :پاکستان کے ہارون خان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا