ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )نے 5فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے نیا نغمہ جاری کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر پر جاری کیا گیا نغمہ معروف گلوکار احمد جہانزیب نے گایا ہے جبکہ اس کے بول عمران رضا نے لکھے ہیں۔
نغمے کا آغاز مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی شہیدکی ایک تقریر سے کیا گیا ہے جس میں وہ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں اسلام کے تعلق سے ہی اور اسلام کی محبت سے ہی ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔
نغمے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کے احتجاج کے مناظر شامل ہیں۔
نغمے کی ویڈیو میں کشمیری حریت پسند نوجوان برہان وانی شہید اور دیگر شہدا کے جنازے بھی دکھائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
