ویب ڈیسک: یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، اس کے ساتھ ہی کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
گلگت بلتستان اسمبلی میں متفقہ قرارداد میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت کی گئی، قرارداد میں اقوام متحدہ سے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سات دہائیوں کے دوران 6 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا، اس کے علاوہ اس عرصہ میں ان کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مثال نہیں ملتی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کشمیری آج بھی جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں، جبکہ دوسری طرف بھارت نے آزادی مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔
حالیہ 34 برسوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے ئے، 7 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری دوران حراست جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ آج ہی کے دن سال 2019 کو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی، اور تب سے اب تک ان 5 سالوں کے دوران بھارت نے سینکڑوں کشمیری شہید کئے۔
