خط کی رسید بھی نہیں آئے گی

آرمی چیف کو لکھے عمران خان کے خط کی رسید بھی نہیں آئے گی، عرفان صدیقی

ویب ڈیسک: سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے نام عمران خان کے خط کوئی جواب آنا تو دور کی بات ہے، رسید تک بھی نہیں آئے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کا خط فوج کے بارے میں ان کی افسوسناک سوچ کا ترجمان ہے کہ عوام اور افواج میں خلیج ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا نہ پڑھا، پتا نہیں کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور وہ کب کس منڈیر پر اترے گا۔
لیگی رہنماء نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کے نام ایک خط 2023 کے اوائل میں بھی لکھا تھا جو صدر عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کو بھیج دیا گیا تھا لیکن اس کی بھی رسید آئی نہ جواب۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ فوج کے حوالے سے خط پڑھنے پر سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کو طویل سزائے قید ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد خط بانی تحریک کی شدید مایوسی اور پریشانی کا ثبوت ہے، وہ کبھی ایک دروازے پر دستک دیتے ہیں کبھی دوسرے پر، کبھی مذاکرات شروع کرتے اور بغیر کوئی وجہ بتائے کسی اور راستے پر چل پڑتے ہیں۔ نہ جانے کون لوگ ہیں اور کہاں بیٹھے ہیں جو اس طرح کے خطوط لکھ کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان سوچے سمجھے بغیر ان کا اپنا خط قرار دے دیتے ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان کو جان لینا چاہیے ان کی جماعت کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے سنجیدہ مذاکرات کا راستہ، بے مقصد خطوط نویسی سے انہیں پہلے کچھ ملا نہ اب ملے گا۔

مزید پڑھیں:  اڈیالہ جیل سے خط لکھ کر سیاسی این آر او مانگا جارہا ہے ، گورنر فیصل کریم کنڈی