پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کرک میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: ضلع کرک میں پولیس چوکی پر حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز کرک میں ادا کردی گئی ۔
نماز جنازہ میں ا نسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، آر پی اوکوہاٹ عباس مجید مروت ،کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ، ڈی سی کرک شکیل احمد جان، ڈی پی او کرک شہباز الہی اور دیگر سول و پولیس افسران سمیت علاقہ معززین و شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔
شرکانے شہدا کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی ۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید تینوں پولیس شہداکے سوگوار خاندانوں کے افراد سے ملے اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کرک پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آور ہونے والے دہشت گردوں کا چوکی میں موجود سپاہیوں نے نہایت جوانمردی سے دو گھنٹے تک مقابلہ کیا اور کئی اہلکار زخمی ہونے کے باوجود بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے اور ان کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
ا نہوں نے بہادری سے لڑ کر جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر قبضے کے خواب کو چکناچور کرنے والے جوان خیبر پختونخوا پولیس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کا ہر مقام تک پیچھا کیا جائے گا اور ان کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
آئی جی پی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے علاج کے لیے داخل زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
آئی جی پی فردا فردا ہر ایک زخمی پولیس اہلکار کے پاس گئے اور ان سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں:  عید الفطر کس دن ہوگی؟ سپارکو نے بھی پیشگوئی کردی