غزہ پر قبضے کا اعلان غیرمنصفانہ

غزہ پر قبضے کا اعلان غیرمنصفانہ اور تشویشناک ہے: پاکستان

ویب ڈیسک: پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر قبضے کا اعلان غیرمنصفانہ ،تکلیف دہ اور تشویشناک قرار دیا ہے ۔ دفتر خارجہ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر موقف واضح ہے، ہماری پالیسی 1947سے جو آرہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ فلسطینیوں کو کہیں اور بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے،پاکستان ایسی آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، امدادی کاموں کو روکنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے ،عالمی برادری اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑے اور سیز فائز معاہدے پر عمل کرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے مزید کہا کہ ہم فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق دو ریاستی حل کے حامی ہیں جو فلسطینی چاہتے ہیں ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔ترجمان نے غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات کو غیرمنصفانہ، تکلیف دہ اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے غزہ میں اسرائیل کے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فلسطین کے بارے میں پوزیشن بڑی واضح ہے، پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں ہے، ہم افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کے حوالے سے متعلقہ ممالک سے رابطے میں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے افغان افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم ابتدائی مراحل میں ہیں، ہم جلد ہی اس حوالے سے تفصیلی نقاب کشائی کریں گے، ہم معتدل و پرامن شام اور وہاں سے بے یقینی و مسائل کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی بیجنگ میں چینی صدر شی جی پنگ اور چینی وزیراعظم لی جیانگ سے ملاقات ہوئی، پاکستان نے ون چائنا اصول پر اپنی حمایت کی تجدید کی ہے، پاکستان کی جانب سے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقریب