ویب ڈیسک: صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے دورہ صوابی کے موقع پر کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں نہروں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے اس سلسلے میں صوابی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں محکمہ ایریگیشن کے زیر انتظام جاری بھل صفائی کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں نہروں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بات میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ جو فنڈز اس بھل صفائی کے لیے مختص ہے، وہ صرف اور صرف صفائی پر لگیں گے۔ تمام ٹھیکیدار و ایریگیشن سٹاف سن لے کہ جائز مزدوری تو ہر کسی کا حق ہے مگر کرپشن و مار دھاڑ کسی قسم قبول نہیں کی جائے گی۔
عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پورے صوبے میں تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا اور واضح ہدایات دیں کہ کام کی کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس دوران کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، تاکہ ہمارے زمیندار بھائیوں کو کوئی مشکل پیش نہ ہو۔
