ویب ڈیسک: پاکستانی لڑکے سے محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن 120 دن بعد ناکام امریکا واپس لوٹ گئیں۔
امریکی خاتون غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز ای کے 603 کے ذریعے ر وانہ ہو ئیں جوکہ جو دبئی کے راستے امریکا پہنچیں گی۔
نیویارک کی رہائشی امریکی شہری اونیجا اینڈریو رابنسن 11اکتوبر کو نوجوان کی محبت میں پاکستان کے ایک ماہ کے سیاحتی ویزے پر کراچی آئی تھیں، ویزا ختم ہونے پر خاتون کو 10 نومبر تک کراچی سے جانا تھا مگر وہ واپس نہیں گئیں اور کئی ماہ کراچی میں دربدر رہیں۔
خاتون کا پاکستانی ویزا اور ریٹرن ٹکٹ ختم ہوگیا تھا اور خاتون نے وسط جنوری میں کراچی ائیرپورٹ کے اندر جانے کی کوشش کی تو سکیورٹی نے روک لیا اور اے ایس ایف نے انہیں ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق گورنر سندھ کی مداخلت پر 27 جنوری کو 15 دن کے لیے ایگزٹ پرمٹ جاری کیا گیا اور ایک فلاحی ادارے نے خاتون کے امریکا کے ریٹرن ائیر ٹکٹ کا بندوبست کردیا تھا۔
