ویب ڈیسک: ضلع کرک میں بگڑتی امن وامان صورتحال پر امن جرگے کا انعقاد کیا گیا، تخت نصرتی میں ہونے والے اس جرگہ میں تمام پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
اس حوالے سے منتظمین کا کہنا ہےکہ عوام کی جانب سے آج امن جرگہ منعقد کیا جا رہا ہے ، جس کیلئے کئی دن سے مشران مہم چلا رہے تھے، منتظمین کا کہنا تھا کہ امن جرگے کا مقصد قیام امن کیلیے تجاویز اور عملی اقدامات کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع کرک میں گزشتہ 6 ماہ میں بہادر خیل پولیس چوکی، پولیو ٹیم پر حملے کئے گئے، جبکہ 15دنوں کے اندر 10 سے زائد افراد قتل کئے گئے۔ یاد رہے کہ کرک میں بگڑتی امن وامان صورتحال پر امن جرگے کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شرکاء نے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا.
کرک میں منعقدہ گرینڈ امن جرگہ نے علاقے سے مسلح گروہوں کے انخلا کے لیے تین دن کی مہلت دے دی ہے۔ جرگہ اعلامیہ کے مطابق، اگر مقررہ مدت کے بعد مسلح گروہ موجود رہے تو قوم لشکر کشی پر مجبور ہوگی۔
امن جرگہ نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ پولیس کو درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کر سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سی ٹی ڈی کو مکمل اختیارات دینے، نیشنل ایکشن پلان پر 100 فیصد عمل درآمد یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا.
