ویب ڈیسک: یرغمالیوں کی رہائی روکنے پر ٹرمپ کی حماس کو دھمکی، ہفتے تک کا الٹی میٹم، امریکی صدر نے پناہ گزینوں کو نہ رکھنے پر اردن اور مصر کی امداد بند کرنے کا اشارہ بھی دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق جنگ بندی معاہدہ کے باوجود اسرائیلی دہشت گردی پر حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی تاحکم ثانی روک دی گئی ہے، جس پر امریکی صدر میدان میں آ گئے، ان کا کہنا تھا کہ ہفتے تک یرغمالی رہا نہ کئے گئے تو جنگ بندی معاہدہ ختم کردونگا۔ ٹرمپ نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ہفتے کو 12 بجے تک کا الٹی میٹم بھی دے دیا۔
یرغمالیوں کی رہائی روکنے پر ٹرمپ کی حماس کو دھمکی ایسے وقت سامنے آئی جبکہ حماس بیک وقت جنگ اور جنگ بندی دونوں صورتوں سے نبرد آزما ہے، اسرائیل تواتر کے ساتھ بارود برسا کر فلسطینیوں کی نسل کشی کے اقدام کئے جا رہا ہے، ان حالات میں صیہونیوں کو وعدے کی پاسداری کا کہنے کی بجائے امریکہ نے بھی حماس کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ اگر حماس نے یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو جنگ بندی کا معاہدہ ختم کردوں گا، انہوں نے ہفتے کو اسرائیلی وزیر اعظم سے بھی بات چیت کا عندیہ دیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹرمپ نے پناہ گزینوں کو نہ رکھنے پر اردن اور مصر کی امداد بند کرنے کا بھی اشادہ دیا ہے کہ ایسا کر سکتے ہیں، امید ہے اردن پناہ گزینوں کو لینے پر تیار ہو جائے گا۔
یاد رہے پیر کو اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر حماس نے یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی تھی، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کیا تھا۔
