ویب ڈیسک: لیبا کشتی حادثے میں ڈبنے والے افراد میں سے 63پاکستانی تھے جن میں سے بیشتر جاں بحق ہو گئے،دفتر خارجہ نے تصدیق کردی ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو دی گئی بریفنگ میں دفتر خارجہ حکام نے بتایا کہ لیبیا میں کشتی حادثہ 8فروری کو رونما ہوا، جس میں 73افراد کے سوار ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں 63پاکستانی تھے ۔
حادثے میں 2پاکستانی شہری زندہ بچ گئے، کشتی میں سوار افراد کی اکثریت جاں بحق ہوگئی اور جاں بحق پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق ضلع کرم اور باجوڑ کے قبائلی اضلاع سے ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ جو کشتی حادثات رونما ہو رہے ہیں، اس پر دفتر خارجہ کیا تحقیقات کر رہا ہے؟
سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی اسمگلنگ کے لیے ہم نے انٹر پول کے ساتھ رابطے مضبوط کیے ہیں تاکہ گروپس کو پکڑا جا سکے۔ انسانی اسمگلروں کے خلاف ملکی سطح پر وزارت داخلہ کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ ہم میڈیا مہم بھی چلا رہے ہیں جو لوگوں میں آگاہی فراہم کرے گی تاکہ غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل نہ ہوں۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی کی صدارت میں ہونے والے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر بحث کی گئی، جس میں رکن کمیٹی شہریار اکبر خان نے کہا کہ فلسطینی سفیر کی جانب سے ہمیں لیٹر موصول ہوا تھا جس میں غزہ نسل کشی سے متعلق بل متعارف کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
