ویب ڈیسک: پی ایف یو جے کی کال پر آزادی اظہار رائے پر پابندی کے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف غازی کی تمام صحافتی تنظیموں کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔
حکومت کی جانب سےاظہار رائے پرپابندی اور پیکا ایکٹ کے خلاف ہری پور تحصیل غازی میں صحافتی تنظیموں کا احتجاج ہوا، ریلی بھی نکالی گئی، اور پیکا ایکٹ کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرہ میں تحصیل غازی کی تمام صحافتی تنظیموں نے غازی جرنلسٹ کمیونٹی کے پلیٹ فارم کے تحت بھرپور حصہ لیا۔ صحافیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے غازی جرنلسٹ کمیونٹی کے ممبران قاضی اصف ، ملک فضل کریم ، حامد زمان اور زاہد اقبال اعوان نے پیکا قانون کے نفاذ کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے اسے بنیادی انسانی حقوق اور آزادئ اظہار رائے کےخلاف قرار دیتے ہوئے اس کالے قانون کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ صحافیوں سے مشاورت کے بغیر طاقت کے زور پر زبردستی لایا گیا ہے،
صحافیوں نے پیکا ایکٹ کو مسترد کر دیا ہے، فیک نیوز کی آڑ میں آزادی اظہار کا گلا گھوٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے،لیکن صحافیوں کو حق سچ کی آواز بلند کرنے اور سچ کو سامنے لانے سے نہیں روکا جاسکتا،صحافی اپنے قلم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔
