ویب ڈیسک: ممبران صوبائی اسمبلی پر کرپشن الزامات کی تحقیقات کے لئے سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کا وزیراعلیٰ کو خط ، جس میں ان عوامی نمائندگان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ممبران صوبائی اسمبلی پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کیلئے خط ارسال کردیا۔
بابر سلیم سواتی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق سابق سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے مانسہرہ کے عوامی نمائندگان پر کرپشن کے الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی جائے۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں مانسہرہ کے عوامی نمائندوں پر کرپشن الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کرپشن الزامات پر ٹریبونل یا انکوائری کمیٹی کے قیام کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کی ساکھ اور شفافیت کے تحفظ کے لیے فوری تحقیقات ضروری ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو خط میں انہوں نے سابق سینیٹر اعظم سواتی کے الزامات پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ عوام کے سامنے جوابدہ ہوں، جمہوری اقدار کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے، کرپشن الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے ٹریبونل یا کمیشن تشکیل دیا جائے، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا خط چیئرمین پی ٹی آئی، صوبائی صدر اور داخلی احتسابی کمیٹی کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔
