ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت میکرواکنامک استحکام خوش آئند ہے، وزیراعظم سے مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کی ملاقات کے دوران بھی خصوصی طور پر میکرواکنامک کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں سکیورٹی ایکسچینج کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس سب کچھ خود کرنے کی گنجائش نہیں، اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔ آج ہو سمت سے سب اچھا کی خبریں آنے لگی ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اس ملاقات میں آئی ایم ایف سے ٹیکسیشن، انرجی، معاشی ترقی اور جاری اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت میکرواکنامک استحکام خوش آئند ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلی پر فوکس کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی پر فائدہ مند گفتگو بڑی اہمیت کی حامل ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ سب خود کرے، تمام سٹیک ہولڈرز کو آگے آنا ہوگا، ہمیں مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک حقیقی ترقی کے حصول میں بڑھتا رہے۔
