آرمی چیف کو تیسرا خط

عمران خان کا آرمی چیف کو تیسرا خط،انتخابی دھاندلی کا معاملہ اٹھادیا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو آج تیسرا خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے مبینہ انتخابی دھاندلی کا معاملہ اٹھا دیا ہے ۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج آرمی چیف کو تیسرا خط جاری کیا جس میں میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
وکیل فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے لکھے لگئے تیسرے خط کے مندرجات آج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خط میں عمران خان نے کہا ہے منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھایا گیا ہے، 18لاکھ لوگ ملک چھوڑ گئے ہیں اور 20 ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا ہے، ہم نے جب حکومت چھوڑی معیشت کی گروتھ 6 اعشاریہ 4 فیصد تھی۔
خط میں سابق وزیراعظم نے دہشت گردی کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی رول آف لا نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے جب کہ کوٹ پیکنگ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈان کے لیے کی جارہی ہے، جب کہ رول آف لا انڈیکس پر پاکستان 140 ویں نمبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقع پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں، آٹھ فروری کے بعد پنجاب میں چھاپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، وزیر آباد میں پولیس نے ہمارے ایک کارکن کا جنازہ نہیں پڑھنے دیا۔
عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت آج پارٹی کے دیگر لیڈرز جی ایچ کیو کیس میں پیش ہوئے ہیں، عامر ڈوگر کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے، سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایل ایف کے صدر انتظار پنجوتھہ کو آج جیل میں نہیں جانے دیا گیا، وکلا کو جیل ٹرائل میں نہیں جانے دیا جارہا، صحافیوں میں بھی پک اینڈ چوز کیا جاتا ہے، ہم جی ایچ کیو کیس میں بھی اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کرینگے، 26 ویں ترمیم کے بعد نظام عدل زمین بوس ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی جاری ،افسران خاموش