ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدرمیاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔
نواز شریف نے ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے اور معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے۔ معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فی صد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں لیکن ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں اور آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے۔
