ویب ڈیسک: ضلع چارسدہ میں زمین کے تنازع پر مزارعے و خوانین آمنے سامنے آ گئے، فائرنگ تبادلہ کے دوران 4 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ٹریکٹر بھِی نذرآتش کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع چارسدہ کے تھانہ مندنی کی حدود چاچا خانی میں مزارعے اور خوانین کے درمیان زمین کے تنازع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ٹریکٹر کو بھی آگ لگا دی گئی، جبکہ فائرنگ سے خاتون سمیت چار افراد کی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس واقعے پر مزارعوں نے احتجاجاً مندنی چوک بلاک کر کے احتجاج کیا، جس کی قیادت سالار فیاض علی اور سالار امجد علی نے کی، اس دوران خوانین کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی ہے۔
واقعے کے فوری بعد ڈی ایس پی سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مزارعوں سے مزاکرات کئے، جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
