ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ انہیں کسی کا کوئی خط نہیں ملا، اور اگر خط ملا بھی تو نہیں پڑھوں گا بلکہ اسے وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا، اور اگر خط ملا بھی تو نہیں پڑھوں گا، بلکہ اسے وزیراعظم کو بھجوادوں گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ خط کی باتیں سب چالیں ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں ملک بہت اچھے انداز سے آگے بڑھ رہا ہے، بلکہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھے جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو تیسرا خط لکھا ہے۔ اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم نے آرمی چیف کو خط لکھے تھے جن میں پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
