ویب ڈیسک: جنگ بندی معاہدے کے باوجود صیہونیوں کے غزہ اور بیروت پرحملے جاری ہیں، فضائی حملے سے غزہ کو ایک بار پھر نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیل نے غزہ اور بیروت میں جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی حملے پھر سے شروع کر دیئے، ابھی حال ہی میں جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطینیوں کی واپسی کا عمل شروع ہوا تھا اور انہوں نے پھر سے اپنے علاقے آباد کرنا شروع ہی کئے تھے کہ صہیونی دہشتگردوں نے پھر سے ہلہ بول دیا، اس دوران صیہونیوں کے غزہ اور بیروت پرحملے پھر سے شروع ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے ان حملوں کو مثبت رنگ دیتے ہوئے بیروت میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا جانے لگا ہے۔ دوسری جانب ایران سے آنے والی پرواز کو بیروت ائیرپورٹ پر اترنے نہیں دیا گیا، اس حوالے سے الزام لگایا گیا کہ سویلین طیارے میں حزب اللہ کے لیے رقوم کی ترسیل کی جا رہی تھی۔
یاد رہے حماس نے جنگ بندی معاہدہ برقرار رکھنے کےلیے کل 3 اسرائیلی قیدی رہا کرنے کا اعلان کیا، لیکن اس کے باوجود اسرائیل اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اسرائیلی حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مزید مسائل پیدا کرنے کی وجہ قرار دیدیا۔
